پاکستان

نادرا ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام پر کام کرے گا، نجی کمپنی سے اشتراک کا معاہدہ

Published

on

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ورچوئل ریمٹنس گیٹ وے (وی آر جی) کے ساتھ اشتراک عمل کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت ایک بلنگ سوئچ متعارف کرایا جائے گا، این آئی ایس پے منٹ کلیکشن سروسز اور امریکی ڈالر میں رقوم وصولی کی سہولت کا اجراء کیا جائے گا اور نادرا ای سہولت مراکز کے ذریعے آسان موبائل اکاؤنٹ کے حامل 7.7 ملین سے زائد افراد کو یہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

نادرا اور وی آر جی کے درمیان یہ اشتراک عمل ملک میں ڈیجیٹل مالی خدمات کی صنعت کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کی بدولت ملک بھر میں کئی ملین افراد کو تحفظ اور سہولت پر مبنی شاندار خدمات میسر ہوں گی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے دونوں اداروں کے درمیان اشتراک عمل کو ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں بہتری کا منفرد موقع قرار دیا۔ انہوں نے دور حاضر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی جس کی بدولت لوگوں کے مالی لین دین میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔

طارق ملک نے کہا کہ یہ پارٹنرشپ آسان موبائل اکاؤنٹ صارفین کو ادائیگی کی انتہائی مستعد سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک بڑا قدم ثابت ہو گی جس کی بدولت وہ کسی پریشانی کے بغیر یوٹیلٹی بلوں، این آئی ایس فیسوں اور این آئی ایم ایس سرٹیفکیٹ کی ادائیگی کر سکتے ہیں اور رقوم کا لین دین کر سکتے ہیں ۔

ورچوئل ریمیٹنس گیٹ وے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان علی نے کہا کہ مالی خدمات کے شعبے میں آنے والا دور ڈیجیٹل سہولیات کا دور ہے اور ان کا دائرہ وسیع کرنے سے کروڑوں پاکستانیوں کے لئے لاتعداد نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ڈیجیٹل ادائیگیوں میں معاونت کے لئے عالمی اور ملکی سطح پر اشتراک عمل اختیار کرنا اور ڈیجیٹل مالی خدمات میں مسلسل بہتری لانا ہے جس سے خواتین، نوجوانوں اور معاشرے کے ان طبقات کو یہ سہولیات میسر ہوں گی جو اب تک ان سے محروم ہیں یا ان کے حصول میں مشکلات کا شکار ہیں۔

آسان موبائل اکاؤنٹ سکیم، پاکستان میں مالی شمولیت اور خواتین کی خودمختاری کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے جس کے ذریعے 7.7 ملین سے زائد افراد ڈیجیٹل مالی خدمات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور اب تک اس کے ذریعے 59 ارب روپے سے زائد کا لین دین ہو چکا ہے۔ اس اکاؤنٹ کے حامل افراد میں خواتین کا تناسب پاکستان میں پہلی بار 39 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔

آسان موبائل اکاؤنٹ سکیم، ورلڈ اکنامک فورم کے ایڈیسن الائنس نیٹ ورک سے تسلیم شدہ اور دنیا کے 70 سے زائد ممالک میں اس کی خدمات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ اس سکیم کی شاندار کامیابیوں اور آئندہ منصوبوں کی روشنی میں ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے پاکستان کو ‘لائٹ ہاؤس کنٹریز نیٹ ورک’ میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

نادرا اور وی آر جی کے درمیان اشتراک سے نہ صرف آسان موبائل اکاؤنٹ صارفین کو فائدہ پہنچے گا بلکہ یہ اقدام ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کے حکومتی مقاصد کے حصول میں بھی نمایاں کردار ادا کرے گا جس کی بدولت مالی خدمات تک سب کی رسائی ممکن ہو گی اور ملک میں مالی شمولیت میں اضافہ ہو گا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version